پنجی،10فروری(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) گوا کے وزیر اعلی منوہر پاریکرکو لڑکیوں کے شراب پینے سے ڈرلگتاہے، ریاست کے یوتھ پارلیمنٹ کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب میں ڈرنے لگاہوں کیونکہ لڑکیوں نے بھی شراب پینا شروع کر دیا ہے۔پاریکر نے کہا کہ میں سب لوگوں کے بارے میں بات نہیں کر رہا ہوں، میں ان لوگوں کے بارے میں بات نہیں کر رہا ہوں جو یہاں بیٹھے ہیں۔یوتھ پارلیمنٹ نے ریاستی قانون سازی کے شعبے کی طرف سے منظم کیاگیاتھا، تاہم وزیر اعلی نے یہ بھی کہا کہ ریاست کے کالجوں میں منشیات کابہت کم چلن ہے۔اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ منشیات کی تجارت میں ملوث مجرمین کی گرفتاری جاری ہے اور یہ تب تک جاری رہے گی جب تک کہ منشیات کو ریاست سے مکمل طور پر ختم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں اس پر یقین نہیں کرتا کہ یہ مکمل طور پر ختم ہوجائے گا، مجھے لگتا ہے کہ ریاستی کالجوں میں منشیات کارواج کم ہے۔بتادیں کہ وزیر اعلی نے ہدایت دی تھی کہ منشیات کے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔پاریکر نے بتایا کہ اب تک ان مقدمات میں 170 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق اگر کوئی تھوڑی مقدار میں منشیات کے ساتھ پکڑا جاتا ہے تو اسے آٹھ سے 15 دنوں میں ضمانت مل جاتی ہے، ہماری عدلیہ بھی نرمی برت رہی ہے،حالانکہ مجرم پکڑے جاتے ہیں۔بے روزگاری کے معاملے پر پاریکر نے کہا کہ گوا کے نوجوان لوگ محنت سے کترارہے ہیں، کلرک کی ملازمت کے لئے لمبی لمبی لائنیں اس لئے لگی ہوئی ہیں کیونکہ لوگ مشکل کام کرنا نہیں چاہتے ہیں، لوگ سوچتے ہیں کہ سرکاری ملازمتوں کامطلب ہے کہ کوئی کام نہیں کرنا۔